اسلام آباد :- ( صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں معدومیت کے خطرے سے دو چار زبانوں پر 28ویں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس آج( بدھ 25ستمبر)کو شروع ہورہی۔ کانفرنس میں 22ممالک کے ماہرین لسانیات شرکت کریں گے، 42سکالرز معدوم ہوتی زبانوں کی ترقی اور بقاء پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔کانفرنس کا اہتمام یونیورسٹی کا شعبہ انگریزی فورم فار لنگوئج انیشیٹوز کے تعاون سے کررہا ہے۔کانفرنس کی اختتامی تقریب 27ستمبر کو ہوگی جس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر مختار احمدبطور مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔کانفرنس چئیر شعبہ انگریزی کے چئیرمین، ڈاکٹر محمد کمال خان جبکہ کانفرنس سیکریٹری، ڈاکٹر راشدہ عمران ہیں۔یہ کانفرنس یونیورسٹی میں گولڈن جوبلی کے حوالے سے جاری تقریبات کے سلسلے کی کڑی ہے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گولڈن جوبلی کو شایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا تھا، ڈینز، اکیڈمک شعبہ جات کے چئیرمین، پروفیسرز و پرنسپل افسران کو سال بھر کی تقریبات کو ترتیب دینے کی ہدایات دی تھیں۔رواں سال جنوری سے آج تک سینکڑو کی تعداد میں مختلف موضوعات پر سیمینارز، کانفرنسزاور دیگر تقریبات منعقد ہوچکی ہیں، اکتوبر کے ماہ میں بھی بڑی کانفرنسزمنعقد کی جائیں گی۔