اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ عالمی کانفرنس منعقد کرانے کی تیاریاں عروج پر ہیں،وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش کے مطابق اس کانفرنس کو یاد گار بنانے کے لئے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔اس کانفرنس میں مقررین فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت اور مقاصد کو اجاگر کرنے اور اس نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر مقالے پیش کریں گے جنہیں یونیورسٹی کی تحقیقی مجلوں میں شائع کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید موثر بنانے کے لئے مل بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے، امید ہے کانفرنس کے شرکاء اس جانب خصوصی توجہ دیں گے۔انہوں نے کہاہے کہ کانفرنس علاقائی اور بین الاقوامی فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت چلنے والی جامعات کو آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلیم اور تحقیقی میدان میں تجربات کے تبادلے اور شرکت داری کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔کانفرنس کورآرڈینیٹرُ ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق یہ تین روزہ کانفرنس 15اکتوبر سے 17اکتوبر تک جاری رہے گی ۔
تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے معروف ماہرین تعلیم کی جانب سے 300خلاصے موصول ہوچکے ہیں، 250سے زائد پریزنٹیشنز شیڈول کردئیے گئے ہیں۔کانفرنس میں پوسٹر پریذنٹیشنز اور پینل مباحثوں کے علاوہ دوران کانفرنس اے اے او یو کی یگزیکٹو باڈی اور جنرل باڈی اجلاسز بھی منعقد ہوں گی۔ ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق پری کانفرنس ورکشاپ/وہبنار 14 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا۔