اسلام آباد :(خصوصی دپورٹ )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے راولپنڈی ریجنل کیمپس نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے طلباء سیٹلائیٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ایک عظیم الشان نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا جس میں سکولز، کالجز اور جامعات کے طلباء و طالبات نےحصہ لیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد مقابلہ نعت کا سلسلہ شروع ہوا۔طلباء و طالبات نے انتہائی خوبصورت انداز میں نعتیں پیش کیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب کے تمام تر انتظامات، راولپنڈی ریجن کی ڈائریکٹر، نسرین اختر مرزا نے کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کہا کہ مختلف نوعیت کے مقابلوں کا انعقاد کرتے رہنا چاہئے، اس سےطلبہ کے اندر نہ صرف مہارت پیدا ہوتی ہےبلکہ ان کی زہنی تربیت بھی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر توقیر نے مزید کہا کہ جشن عید میلاد النبی کا اولین تقاضہ یہ ہے کہ ہم اپنے قوم و فعل اور کردار سیرت طیبہ کے سانچے میں ڈھال کر حقیقی عاشق رسول ہونے کا ثبوت دیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی ریجنل آفس کی ڈائریکٹر، نسرین اختر مرزا نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اس مبارک ماہ میں ہم ہر سال باقاعدگی سے نعتیہ مقابلے کا انعقاد کرتے ہیں، اس سال ہم یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی بھی منارہے ہیں یہ تقریب گولڈن جوبلی کی جاری تقریبات کے سلسلے کی کڑی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے شکرگزار ہیں جنہوں نے نہ صرف ہمیں اس تقریب کے انعقاد کی اجازت فراہم کی بلکہ ہماری سرپرستی بھی کی ہے جس کی بدولت ہم نے ایک کامیاب تقریب منعقد کی ۔دیگر مقررین نے حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور پاک ﷺ نے جو دین ہم تک پہنچایا وہ مکمل ضابطہ حیات کا عمدہ نمونہ اور اسلام کی جیتی جاگتی تصویر پیش کرتا ہے، دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ہمیں حضور پاک ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہی اپنی زندگیوں کو بسر کرنا چاہئیے۔ تقریت کے دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، کاظم علی شاہ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج، پروفیسر ڈاکٹر اطہر قسیم،ڈاکٹر امتیاز احمد مدنی کے علاوہ ادبی شخصیات، مختلف تعلیمی اداروں کے ہیڈز، مقامی کالجز اور جامعات کے طلباء و طالبات اور اساتذہ شامل تھے۔نعت خوانی کے مقابلے میں شریک تمام طلبہ کو قرآن پاک کا ہدیہ پیش کیا گیا۔