واشنگٹن: صدارتی انتخاب میں پانسہ پلٹ دینے والی 3 ریاستوں کے سروے میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو حکمراں جماعت ڈیموکریٹ کی امیدوار کملا ہیرس پر سبقت حاصل ہوگئی۔
تاہم نیو یارک ٹائمز اور سیانا کالج کے تین اہم میدان جنگ جو پانسہ پلٹ سکتے ہیں، میں کیے گئے نئے سروے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے خوش خبری ہے۔
سروے کے مطابق ایریزونا، شمالی کیرولینا اور جارجیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کا پلڑا حیران کن طور پر بھاری ہے۔
تینوں ریاستوں کے ووٹرز نے معیشت، اسقاط حمل، امیگریشن اور مجموعی طور پر ملک کی سمت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور مجموعی طور پر ایک سے دو فیصد کے مارجن سے ڈونلڈ ٹرمپ کو ترجیح دی۔
ایری زونا میں کملا ہیرس کی مقبولیت 45 فیصد جب کہ ٹرمپ کو یہاں 50 فیصد ووٹرز کی حمایت رہی۔ جارجیا میں بھی ٹرمپ نے 49 فیصد اور کملا ہیرس کے حصے میں 45 فیصد آئے۔
شمالی کیرولینا کا منظرنامہ بھی ٹرمپ کے حق میں ہے۔ جہاں سابق صدر پر 49 فیصد جب کہ کملا ہیرس پر 47 فیصد ووٹرز نے اعتماد کا اظہار کیا۔