اسلام آباد:( (صفدر حسین سے ):-امریکی سفارتخانہ کے پبلک ڈپلومیسی سیکشن میں قائم علاقائی دفتر برائے فروغ انگریزی زبان کی ٹیم نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے ساتھ ملاقات کے دوران انگریزی زبان کی تعلیم کے دائرہ کار کو توسیع دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ڈاکٹر ناصر نے انگلش ایکسیس پروگرام کو سراہتے ہوئے اس پراجیکٹ کے دائرہ کار کو ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ڈاکٹر ناصرنے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی خواہش ہے کہ ملک کے دور افتادہ علاقوں پر خاص توجہ دی جائے، اس مقصد کے لئے ہم پسماندہ ترین علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔امریکی وفد میں ریجنل ا نگلش لینگوئج آفس(آر ای ایل او)کے ڈاکٹر جیرالڈ فرینک، کنٹری ڈائریکٹر، سید راشد حسین اور دعا مجیب شامل تھیں۔وائس چانسلرکی زیر صدارت انگریزی زبان کے تدریسی ضابطہ کارسے متعلق ایک بریفنگ سیشن کا انعقاد ہوا۔شعبہ انگریزی کے چئیرمین،ڈاکٹر محمد کمال خان نے شعبہ انگریزی کی خدمات بالخصوص انگلش ایکسیس پروگرام پر تفصیلی بریفننگ دی۔اس تقریب میں شعبہ انگریزی کے فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر منیر خان، ڈاکٹر سائرہ مقبول، ڈاکٹر ڈاکٹر راشدہ اور ڈاکٹر عبیداللہ کے علاوہ انگش ایکسیس پراجیکٹ کے فوکل پرسن، ڈاکٹر امجد خان بھی شریک تھے۔ڈاکٹر جیرالڈ نے کہا کہ امریکی سفاتخانے کا ریجنل انگلش لنگوئج آفس دیگر اداروں کے اشتراک سے بھی پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں انگریزی زبان کے فروغ کے لئے کام کررہا ہے لیکن ہداف کے حصول میں جو کامیابی ہمیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے ملی ہے وہ ہمیں کسی اور ادارے کے اشتراک سے نہیں ملی ہے اس لئے ہم اس پراجیکٹ کے دائرہ کار کو توسیع دینے کے خواہشمند ہیں۔ٹیم نے شعبہ انگزیزی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران کے ساتھ ملاقاتوں میں اٹک، میانوالی اور بھکر میں انگلش ایکسیس پروگرام کی کامیابی کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔