واشنگٹن: مسلم گروپ عرب امریکن پولیٹیکل ایکشن کمیٹی نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر دونوں صدارتی امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس میں سے کسی ایک کو بھی ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا میں 5 نومبر کو صدارتی الیکشن ہوں گے جس کے لیے حکمراں جماعت ڈیموکریٹ کی امیدوار نائب صدر کملا ہیرس ہیں جب کہ اپوزیشن جماعت کے مسلسل تیسری بار امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔
ایسے میں امریکا کے اقلیتی ووٹرز کی اہمیت بڑھ جاتی ہے جن میں سے ایک مسلم کمیونیٹی ہے جو اس وقت اسرائیل کے غزہ اور بیروت پر حملوں سے نالاں ہیں اور ایسا امیدوار چاہتے ہیں جو اسرائیل کی مذمت کرے۔
جس پر مسلم ووٹرز کی سب سے بڑی آبادی کے عرب نژاد امریکیوں کے ایک گروپ نے فیصلہ کیا ہے وہ کملاہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں سے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیں گے۔
مسلم گروپ نے بیان میں کہا کہ نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب اسرائیلی حکومت کی آنکھیں بند کر کے حمایت کرنے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ اس گروپ نے 2020 کے الیکشن میں صدر جو بائیڈن کی زبردست حمایت کی تھی جس کے باعث وہ فتح یاب ہوئے تھے اور اب ایسا نہ ہوا تو اس کا نقصان ڈیموکریٹ کی کملا ہیرس کو ہوگا۔