ہر شہری کیلئے معاشی ترقی اور جان ومال کی حفاظت کے موقع موجود ہونے چاہئیں
امیگرنٹس اور تارکین وطن کے مخالف نہیں
ورجینیا ڈسٹرکٹ 11سے ریپبلکن کے نامزد کانگریس کے نامزدامیدوار مائیک وین میٹر کا ہفت روزہ دنیا انٹرنیشنل کو خصوصی انٹرویو
فیر فیکس،ورجینیا (زاہد حسین سے)
میں آزادی،لبرٹی،فری مارکیٹ اور قانون کی عملداری پر یقین رکھتا ہوں اور اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہوں کہ ہر شہری کو معاشی طور پر ترقی کرنے اور اس کی جان ومال کی حفاظت کے مواقع موجودہونے چاہئیں
ان خیالات کا اظہار ورجینیا ڈسٹرکٹ 11سے ریپبلکن پارٹی کے نامزد کانگریس کے نامزد امیدوار مائیک وین میٹر نے ہفت روزہ دنیا انٹرنیشنل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا
ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور میرے مدمقابل ڈیموکریٹ امیدواران امریکی اقدار کی پاسداری نہیں کرتے-انہوں نے کہا کہ وہ آئین کے پاسدار ہیں اور امیگریشن کے معاملے پر ایک منفرد نکتہ نظر رکھتے ہیں جس کے مطابق وہ امیگرنٹس اور تارکین وطن کے مخالف نہیں ہیں بلکہ ایک مضبوط حمایت کنندہ ہیں – ان کے مطابق موجودہ انتخابات جو نومبر میں ہونے جارہے ہیں ان کی زندگی کے سب سے اہم انتخابات ہیں اور ووٹرکو یہ سمجھنا چاہئے کہ ان کے حقوق کیلئے ریپبلکن پارٹی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی-انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس منتخب ہو گئیں تو ملک کیلئے ایک نہایت ہی برا شگون ہو گا اور وہ اس ملک کے نظام اورقوانین کی دھجیاں اڑا دیں گی
معیشت کی بہتری پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معیشت کا بھٹہ ڈیموکریٹ پارٹی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بیٹھا ہے- وہ معیشت کو ازسر نو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں -انہوں نے کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں جس میں معیشت کی بحالی کا پورا پلان موجود ہے کو نافذ کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس نے ساری قوم کو گرین انرجی کے پیچھے لگا دیا ہے جو کہ ایک ناکام پالیسی ہے انہوں نے کہاکہ وہ حکومت آنے کے بعد ڈرلنگ اور فریکنگ شروع کریں گے جس کے نتیجے میں انرجی کی قیمتیں کم ہوں گی اور معیشت میں بہتری آئے گی-تاجر برادری کے اخراجات کم ہوں گے اور لوگوں کو مناسب قیمت پر اشیاء ضرورت میسر ہوں گی
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بناء پر قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں -انہوں نے کہا کہ ان کے ہیرکٹ کی قیمت دگنی ہو گئی ہے-انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی حکومتی کنٹرول اور ریگولیشن کے خلاف ہے -انہوں نے کہا کہ ہمارے امیگریشن سسٹم کو اوورہال کی ضرورت ہے -انہوں نے کہاکہ وہ اس بات کے خلاف ہیں کہ ہر ایک کو بغیر پوچھ گچھ کے آنے دیا جائے اس طرح ہمارے ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگ اور مجرم آجائیں گے
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی حمایت کرتے ہیں کہ بارڈر پر چیکنگ کو سخت کیا جائے اور صرف اہل اور ضرورت مند افراد کو امریکہ آنے کی اجازت دی جائے-انہوں نے کہا کہ وہ امیگریشن کے حق میں ہیں -انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایف بی آئی ،پولیس اور امریکی فوج میں خدمات سرانجام دی ہیں اور اس ملک کے نہایت وفادار ہیں -انہوں نے کہا کہ ملک میں قوانین موجود ہیں بات صرف ان قوانین پر عملدرآمد کرانے کی ہے جو کہ ڈیموکریٹ قوانین پر عملدرآمد کرنے سے قاصر ہیں